نئی دہلی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس میں اندرونی گھمسان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے- چہارشنبہ کو سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے پریس کانفرنس میں اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کانگریس کے پاس کوئی صدر نہیں ہے، پتہ نہیں کانگریس میں کون فیصلے لے رہا ہے- لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں، اس پر سوچنے کی ضرورت ہے- اس دوران انہوں نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے-کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے کہاکہ ہم جی حضور23 نہیں ہیں - یہ بالکل واضح ہے- ہم بات کرتے رہیں گے- ہم اپنے مطالبات کو دوہرانا جاری رکھیں گے-کپل سبل نے کہا، میں آپ (میڈیا)سے ان کانگریسیوں کی طرف سے بول رہا ہوں، جنہوں نے گزشتہ سال اگست میں خط لکھا تھا، خط لکھے جانے کے بعد بھی ہم سی ڈبلیو سی اور صدر کے عہدے کے انتخاب کے متعلق کی جانے والی کارروائی کا انتظار کر رہے ہیں -کپل سبل نے کہاکہ انتظار کی بھی ایک حد ہوتی ہے- ہم کب تک انتظار کریں گے، ہم صرف ایک مضبوط تنظیمی ڈھانچہ چاہتے ہیں - کچھ بات ہونی چاہئے- سی ڈبلیو سی میں کسی بھی موضوع پر بحث ہونی چاہئے- پنجاب کے حالات پر تبادلہ خیال ہونا چاہئے- ہم کسی کے خلاف نہیں ہے- ہم پارٹی کے ساتھ ہیں، لیکن سچائی یہ ہے کہ ہماری پارٹی کا کوئی منتخب صدر نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کو دہلی سے کنٹرول نہیں کیا جانا چاہئے-کپل سبل نے کہاکہ لوگ ہمیں چھوڑ رہے ہیں، سشمتا جی چلی گئیں - فیلیوریو چلے گئے، سندھیا چلے گئے- جتن پرساد چلے گئے- کیرلا میں سدھیرن چلے گئے- اب سوال یہ ہے کہ لوگ کیوں جا رہے ہیں؟ ایک منطقی جواب ہونا چاہئے- اس دوران کپل سبل نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کو تبادلہ خیال کرنا چاہئے- دوسری جانب پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے آج ریاستی کانگریس کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے نوجوت سنگھ سدھو سے بات کی اور انہیں بتایاہے کہ اگر کسی معاملے پر اختلاف رائے ہے تو آئیے بات کرتے ہیں۔ چندی گڑھ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاہے کہ پارٹی سپریم ہے اور سدھو سے بات چیت کے لیے آگے آنے کو کہاہے۔سی ایم چنی نے کہاہے کہ اگر کسی کو تقرریوں اور تبادلوں پر کوئی اعتراض ہے تو اسے درست کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ وہ اس مسئلے پرہٹ دھرم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ان کو کوئی انا کا مسئلہ نہیں ہے۔ جو سر ہے وہی سرہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے متعلقہ مسائل کو کسی قیمت پر پسماندہ نہیں کیا جائے گا-